بادام خوبصورتی اور صحت کے لیے قدرت کا انمول تحفہ

بادام کی افادیت سے تو ہر کوئی واقف ہے لیکن آج بادام کے ایسے کچھ حیرت انگیز فوائد آپ کے ساتھ شئیر کریں گے جنہیں پڑھ کر آپ بادام کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنا لیں گے۔ بادام بچوں ، بڑوں سب کے لیے ہی یکساں مفید ہیں۔ بادام نہ صرف ہماری صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ہیں بلکہ یہ خوبصورتی کو بھی بڑھاتے ہیں۔ بادام میں بہت سے قدرتی غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو جسمانی صحت کے لیے بہت ضروری ہیں۔ بادام کو بہت سے پکوانوں میں بھی ڈالا جاتا ہے، اس سے کھانوں، کا مزہ دوبالا ہو جاتا ہے۔ خاص کر بادام سویٹ ڈشِز میں زیادہ استعمال کیے جاتے ہیں اور باداموں سے کھانوں کو سجایا جاتا ہے۔

آپ کو بادام کے گرد ایک پیلی جھلی تو نظر آتی ہی ہو گی۔ اس کو ٹینن کہا جاتا ہے۔ ٹینن سمیت اگر بادام کھایا جائے تو بادام کی غذائیت سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھایا جا سکتا۔لیکن اگر بادام کو رات کو بھگو کر رکھ دیا جائے اور صبح کے وقت اس کا چھلکا اتار کر کھایا جائے تو نہ صرف اس کی بھر پور غذائیت سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔بلکہ نظام انہضام کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

سائنسی طور پر چھیلے ہوئے بادام میں ایک انزائم ہوتا ہے جس کو لائی پیز کہا جاتا ہے۔ یہ انزائم جسم میں موجود چکنائی کو ہضم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس لئے اس سے باقی فوائد کے ساتھ ساتھ جو اہم ترین فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے وہ ہے باڈی کا وزن کم کرنا۔لہذا چھیلا ہوا بادام کھانا موٹاپے کا دشمن ثابت ہو سکتا ہے۔

وزن میں کمی

جسم کا وزن کم ہونے کی ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ بادام میں موجود غذائیت کی وجہ سے بھوک کم لگتی ہےجس کی وجہ سے کھانا بھی کم کھایا جاتا ہے۔جب کھانا کم کھایا جائے گا تو یقینی طور پر موٹاپے سے بھی بچت رہے گی۔

بھگو کر چھیلے ہوئے باداموں میں اینٹی آکسیڈنٹ کی بہت زیادہ مقدار پائی جاتی ہے ۔اینٹی آکسیڈینٹس کے صحت پر بہت ہی مفید اثرات پڑتے ہیں۔ میٹابولزم تیز رہتا ہے اور جسم چاک و چوبند رہتا ہے۔ جلد ترو تازہ رہتی ہے۔

کینسر جیسی خطرناک بیماری سے بچاؤ

چھیلے ہوئے باداموں میں وٹامن بی سترہ اور فولک ایسڈ پایا جاتا ہے۔جو کہ کینسر سے لڑنے میں بہت ہی مدد گار ثابت ہوتا ہے۔

شوگر سے بچاؤ

اس کے علاوہ بادام شوگر کے مرض میں بھی نہایت مفید ہیں۔ شوگر میں خاص کر کڑوے بادا بہت ہی زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں جو شوگر کے بڑھتے لیول کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

حمل کے دوران نہایت مفید

بھیگے ہوئے بادام خواتین کے لئے دوران حمل بہت ہی مفید ہوتے ہی۔ ماں اور بچے دونوں کی جلد کو نرم رکھتے ہیں۔ اور دماغی طور پر چست رہنے کے لئے بھی ایک تحفہ ثابت ہوتے ہیں۔

بادام خوبصورتی کا اہم جزو

جہاں بادام جسمانی صحت کے لیے قدرت کا ایک انمول تحفہ ہیں، وہیں یہ جلد اور بالوں کی خوبصورتی کے لیے بھی اپنی مثال آپ ہیں۔ نہ صرف باداموں سے جلد نرم و ملائم ہو جاتی ہے بلکہ رنگ گورا کرنے میں بھی بادام بہت اہم ہیں۔ یہاں آپ کے ساتھ ایک ایسا ٹوٹکہ شیئر کرنے جا رہے ہیں جس کو استعمال کرنے سے آپ کا رنگ چند دنوں میں ہی گورا ہو جائے گا اور اور داغ دھبوں سے بھی چھٹکارا مل جائے گا۔

رنگ گورا کرنے کا مفید ، کارآمد اور آزمودہ ٹوٹکہ

دو یا تین بادام لیں، اور ایک چمچ دودھ لے لیں۔ دودھ اگر کچا ہو گا تو زیادہ فائدہ مند ثابت ہو گا ، لیکن اگر کچا دودھ نہ ہو تو اُبلا ہوا بھی لے سکتے ہیں۔ اب ایک سنگ مرمر کی ٹائل لے لیں جو عام گھروں میں فرش بنانے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ اب اس ٹائل پر ایک یا دو قطرے دودھ ڈالیں اور اس پر بادام کو اچھی طرح رگڑیں۔ اگر خشک سا لگے تو دودھ کے چند قطرے ڈال کر مزید رگڑیں۔ بادام دودھ کے ساتھ رگڑ کر بہت ہی ملائم سا پیسٹ بن جائے گا۔ اپنی ضرورت کے مطابق جتنے بادام چاہیے ہوں اتنے بادام رگڑ لیں۔ اب اس پیسٹ کو منہ پر لگائیے اور ہلکے ہاتھوں سے گولائی میں چہرے کا مساج کرتے جائیں۔ آہستہ آہستہ چہرے سے میل کچیل اترنا شروع ہو جائے گا۔ تقریباً دس منٹ تک یہ عمل کریں۔ اس کے بعد آدھسو جائیں اور صبح اٹھ کر منہ دھو لیں۔( یہاں یہ بات نوٹ کر لیجیے کہ اگر آپ کے پاس ٹائل نہ موجود ہو تو آپ باداموں کو پیس کر باریک پاؤڈر بنا کر بھی یہ نسخہ استعمال کر سکتے ہیں) آپ کو دو سے تین دن میں ہی رزلٹ ملنا شروع ہو جائیں گے اور ایک ہفتہ یا پندرہ دن کے استعمال سے آپ کا رنگ اچھا خاصا گورا اور جلد نرم و ملائم بالکل بچوں جیسی ہو جائے گی کہ آپ کو خود ہی اپنے چہرے کو ہاتھ لگانے سے مزہ آئے گا ۔ یہ آزمودہ ٹوٹکہ ہے، بہت سے لوگوں نے استعمال کیا اور استفادہ حاصل کیا۔ آپ بھی اس ٹوٹکے سے فائدہ اٹھائیں اور چند ہی دن میں گورے ہو جائیںاور ہمیں دعاؤں میں ضرور یاد رکھیے گا۔

اب بات کرتے ہیں روغن بادام کی۔نہ صرف بادام بلکہ بادام کے تیل کے بھی حیران کُن فوائد سامنے آئے ہیں۔جن میں سے چند ایک درج ذیل ہیں۔

جلد کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے یا پھر چہرے کی بے رونقی واپس لانے کے لیے بادام کا تیل بہترین ذریعہ ہے۔ بادام کے تیل میں وٹامن اے اور وٹامن بی پایا جاتا ہے اسی لیے اس تیل کو چہرے پر لگانے سے جھریاں ختم ہوتی ہیں۔ بادام کے تیل سے اپنے چہرے پر رات سونے سےپہلے مساج کریں اور صبح چہرہ نارمل پانی سے دھو لیں۔ چہرے کی کھوئی ہوئی چمک واپس آ جائے گی۔

نہ صرف بادام کا تیل جلد کے لیے نہایت ہی قیمتی تحفہ ہے بلکہ اس سے بال بھی بہت صحت مند ہو جاتے ہیں، بادام کے تیل کی بالوں کی جڑوں میں مالش کرنے سے روکھے، بے رونق بالوں میں جان آ جاتی ہے۔ بال چمکدار اور گھنے ہو جاتے ہیں۔

یقیناً ہمیں بھی اپنی زندگی میں باداموں اور باداموں کے تیل کو لازمی جزو بنانا چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *