اب گھر میں ایسا شوارما بنائیں جو دوسروں کو انگلیاں چاٹنے پر مجبور کر دے

باہر سے کھانے کا موڈ ہو اور فاسٹ فوڈ کا نام آئے تو سب سے پہلا نام برگر یا شورامے کا آتا ہے کہ باہر سے آج شوارما منگوا لیا جائے۔ شوارما ہاٹ سپائسی ہو تو اور زیادہ مزہ آتا ہے لیکن بات جب صحت اور صفائی کی آئے تو گھر کا کھانا اور گھر کی چیزیں صاف ستھری ہوتی ہیں اور صحت کے لحاظ سے بھی بہت اچھی ہوتی ہیں۔ نہ نقصان اور نہ ہی صفائی سے نہ بنے ہونے کی کوئی پریشانی۔ آج ہم اس آرٹیکل میں آپ کو بہت ہی آسان طریقے سے شوارما بنانا سکھائیں گے۔ لذیذ شوارما بنانا بھی ایک ہُنر ہے جو ہر کسی کو نہیں آتا۔ مگر آج جو طریقہ ہم آپ کو بتائیں گے وہ آسان بھی ہے اور اس طرح آپ لذیذ شوارما بنانے میں ایکسپرٹ بھی ہو جائیں گے۔ اگر شوارمے کی اقسام کی بات کی جائے تو کئی قسم کے شوارمے ہیں جن میں سے ہمارے ہاں زنگر شوارما، پلیٹر شوارما اور چکن شوارما زیادہ مشہور ہیں۔ ان میں آج ہم آپ کے لیے چکن شوارمے کی ریسیپی لے کر آئے ہیں تو آئیے آسان سا شوارما بنانے کے اجزاء اور بنانے کا طریقہ جلدی سے نوٹ کر لیجیئے۔

اجزاء

چکن میرینیٹ کرنے کے لیے

نمک —————- آدھا ٹیبل سپون
لال مرچ پاؤڈر ————— آدھا ٹیبل سپون
لال کُٹی مرچ —————- آدھا ٹیبل سپون
ہلدی ——————- آدھا ٹی سپون
گرم مصالحہ ————— آدھا ٹی سپون
خشک دھنیا پاؤڈر———– آدھا ٹی سپون
لہسن ادرک کا پیسٹ ——- ایک ٹیبل سپون
لیموں ————- ایک عدد
چکن ( بون لیس، چھوٹی بوٹی ) ———- ایک پاؤ
چلی ساس —————- 2 ٹیبل سپون
سویا ساس —————- 2 ٹیبل سپون

شورامے کی ڈو کے لیے

میدہ ———– آدھا کلو
نمک ———- ایک ٹی سپون
چینی ———- ایک ٹیبل سپون
بیکنگ پاؤڈر ——– ایک ٹی سپون
دہی ————– 2 ٹیبل سپون
کوکنگ آئل ———— 3 ٹیبل سپون
دودھ (نیم گرم) ———– ایک کپ

وھائٹ ساس بنانے کے لیے

ماؤنیز ———- ایک کپ
لیموں ———– آدھا
لہسن کا پیسٹ ———- چوتھائی ٹی سپون
ہرا دھنیا ————- ایک ٹیبل سپون
کالی مرچ ———— ایک چٹکی

باقی کے لوازمات

بند گوبھی
ٹماٹر
پیاز
کھیرا
ہری مرچ
اوپر دی گئی چیزیں اپنی پسند اور ضرورت کے مطابق لیں، جو آپ کو شوارمے میں ڈالنا اور کھانا پسند ہوں۔

بنانے کا طریقہ

سب سے پہلے ایک باؤل میں چکن ڈالیں۔ اب اس میں نمک، لال مرچ پاؤڈر، کُٹی لال مرچ، ہلدی، گرم مصالحہ، خشک دھنیا پاؤڈر، لہسن ادرک کا پیسٹ، لیموں، چلی ساس اور سویا ساس ڈال کر اچھی طرح مکس کریں کہ کہ سارا مصلحہ اچھی طرح سے چکن پر لگ جائے۔ اب اس مصلحہ لگے چکن کو میرینیٹ کرنے کے لیے ڈھک کر رکھ دیں۔
اب جتنی دیر چکن میرینیٹ ہو رہا ہے تب تک شورامے کے لیے ڈَو تیار کر لیں۔ شورامے کی ڈَو کے لیے ایک برتن میں آدھا کلو میدہ لیں۔ اب اس میں نمک، چینی، بیکنگ پاؤڈر، دہی، کوکنگ آئل اور نیم گرم دودھ ڈال دیں۔ اور پانی کے ساتھ آٹا گوندھ لیں۔ یہ بات یاد رہے کہ آٹا نہ زیادہ پتلا ہو اور نہ ہی زیادہ سخت ہو۔ اب اس آٹے کو آدھے گھنٹے کے لیے ریسٹ دیں۔
اب وائٹ ساس بنانے کا مرحلہ دیکھتے ہیں۔ وائٹ ساس بننے کے لیے ایک باؤل میں ماؤنیز لیں، اب اس میں لیموں کا رس، لہسن کا پیسٹ، ہرا دھنیا اور کالی مرچ ڈال دیں۔ پھر ان سب چیزوں کو مکس کریں۔ آپ کا وائٹ ساس تیار ہے۔
اب ایک برتن میں ایک سے دو چمچ آئل ڈالیں اور اس میں میرینیٹ کیا ہوا چکن ڈال دیں اور درمیانی آنچ پر پکائیں جب تک کہ چکن پانی نہ چھوڑ دے۔ ساتھ ساتھ چکن کو چمچ سے ہلاتے جائیں۔ جب چکن پانی چھوڑ دے تو اسے ڈھک کر 6 سے 8 منٹ تک دھیمی آنچ پر پکائیں تا کہ چکن اچھی طرح گل جائے۔
ایکسٹرا سٹیپ
اگر آپ کو شوارمے میں سموکی چکن پسند ہے تو اس کے لیے ایک کوئلہ لیں اسے اچھی طرح گرم کریں اور چکن کے اوپر درمیان میں ایک بند گوبھی کا پتہ رکھیں اور اس پتے پر گرم گرم کوئلہ رکھ دیں، اب اس چکن کو 10 سے 15 منٹ کے لیے ڈھک دیں۔ آپ کا سموکی چکن تیار ہے۔
اب دوسری طرف آتے ہیں۔ شوارمے کی ڈو سے اب پیڑے بنا لیں اور موٹی سی روٹی بیل لیں۔ اس روٹی کو درمیانی آنچ پر بکا لیں ۔ اسی طرح جتنے شوارمے آپ نے بنانے ہیں اتنی ہی روٹیاں پکا لیں۔
اب آخری سٹیپ جو سب سے ٹیسٹی اور یمی ہے۔ ایک روٹی لیں ۔ اس پر وائٹ ساس لگائیں اور اس کے اوپر بند گوبھی، ٹماٹر، پیاز، اور کھیرا کاٹ کر ڈال دیں۔ اب اس کے اوپر چکن ڈالیں اور شوارمے کو فولڈ کر لیں۔ پھر دونوں کناروں کو جوڑے رکھنے کے لیے ٹوتھ پِک لگائیں تاکہ شوارما نہ کھُلے۔
لیں جی آپ کا گرما گرم، مزیدار اور صاف ستھرا شوارما تیار ہے۔ خود بھی کھائیں اور دوسروں کو بھی کھلا کر ڈھیر ساری تعریفیں سمیٹیں۔ یہ شوارما آپ بنا کر دیکھیں، یقین کریں کہ اپنے ہاتھ کا صاف ستھرا اور مزیدار شوارما کھانے کے بعد آپ کبھی بھی باہر کا شوارما کھانا پسند نہیں کریں گے۔ اور اس ریسیپی سے آپ کا بنایا ہوا شوارما کھانے کے بعد یقیناً آپ اپنے گھر والوں کے سامنے مزید پُروقار ہو کر رہیں گے کیونکہ آپ کی یہ ریسیپی کھا کر سبھی لوگ آپ کے کھانا بنانے کے ہُنر کو مزید پہچان لیں گے اور آپ کے ہاتھوں سے بنائے گئے کھانوں کے سبھی دیوانے ہو جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *